آئی سی سی نے پلیئرز کی تازہ رینکنگ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ون ڈے بیٹرز میں بڑی تبدیلی سامنے آ گئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے بھارت کے ویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی اور وہ ون ڈے کے نمبر ون بیٹر بن گئے ہیں۔
نئی رینکنگ میں ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر چلے گئے جبکہ افغانستان کے ابراہیم زدران تیسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ بھارتی کپتان روہت شرما چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے بابر اعظم کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔
دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں سلمان آغا نے ایک درجہ ترقی کے بعد 16ویں پوزیشن حاصل کر لی، محمد رضوان 23ویں اور فخر زمان 27ویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے ورون چکروتی بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان دو درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے اسپنر ابرار احمد کی پانچویں پوزیشن برقرار ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں بھارت کے ابھیشیک شرما پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان کی پانچویں پوزیشن برقرار ہے۔




















