قومی ٹیم کے کھلاڑی سعود شکیل نے کہا ہے کہ بابر اعظم مجھے پیار سے چھوٹا ڈان کہتے ہیں۔
یاد رہے کہ دورہ آسٹریلیا کے لئے راولپنڈی میں کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ شروع ہوچکا ہے جس کے پہلے روز ٹریننگ کے دوران گراؤنڈ سے وائرل ہونے والی ایک ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی جس میں سابق کپتان بابر اعظم ساتھی کھلاڑی سعود شکیل کو ’’ چھوٹا ڈان ‘‘ کہہ کر پکار رہے تھے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ کے دوسرے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعود شکیل نے بابر اعظم کی جانب چھوٹا ڈان پکارنے کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا پیار ہے اور وہ مجھے پیار سے اسی نام سے پکارتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ ٹریننگ کیمپ کے دوران بابراعظم نے سعود شکیل کو ایسے نام سے پکار لیا کہ ویڈیو وائرل ہو گئی
پریس کانفرنس کے دوران سعود شکیل کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل میچز میں ہر کھلاڑی اہم ہوتا ہے، کوشش ہوتی ہے ہر میچ میں اچھا پرفارم کیا جائے، دو دنوں میں اگر آپ ہمارے پریکٹس سیشن کو فالو کررہے ہوں تو آپکو علم ہو گا کہ کیسی پچ پر پریکٹس جاری ہے۔
سعود شکیل کا کہنا تھا کہ کوشش ہو گی کہ آسٹریلیا کی پچز پر جلدی ایڈجسٹ ہو جائیں اور وہاں اچھا کھیل پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی میچ چھوٹا بڑا نہیں ہوتا، دورہ آسٹریلیا اہم ہو گا، میرا آسٹریلیا کا پہلا دورہ ہے اور شاید تین پلیرز کے علاوہ باقی سب کے لیے نیا تجربہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے ٹیم میں گروپنگ کا تاثر غلط ہے، تمام کھلاڑی ٹیم اور ملک کے لیے کھیلتے ہیں، سری لنکا میں ایسے نہیں کھیلے کہ مار دھاڑ شروع کردیں، کوشش ہوتی ہے اچھی کرکٹ کھیلی جائے اور عوام اس کو انجوائے کریں۔