افغانستان کے صوبہ بادغیس کے ضلع بالا مرغاب میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔
خبرایجنسی کے مطابق صوبائی پولیس دفتر نے بیان میں بتایا ہے کہ بچے گزشتہ روز ایک کھلونے جیسے چیز کو کھیلنے کے لیے لائے کہ اس دوران گزشتہ جنگوں کے دوران پھٹنے سے رہ جانے والادھماکہ خیز مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
افغانستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک کے تقریباً 1,150 مربع کلومیٹر رقبے پر اب بھی بارودی سرنگیں اور گزشتہ جنگوں کے دوران بچ جانے والے دھماکہ خیز مواد موجود ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جو بارودی سرنگوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں کیونکہ گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط جنگوں اور خانہ جنگی کے نتیجے میں ہزاروں غیر پھٹے دھماکہ خیز مواد اور سرنگیں اب بھی موجود ہیں۔




















