کراچی کےمختلف علاقوں میں حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق شارع فیصل کارساز کے قریب تیز رفتار کارکی ٹکر سے راہگیر جاں بحق ہوگیا متوفی کی شناخت تاحال نہ ہوسکی لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی، ادھر شارع فیصل نرسری کےمقام پر تیز رفتار کار بے قابو ہوکر الٹنے سے 24 سال کی خاتون زخمی ہوئی جسے طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب سرجانی اور کورنگی بھٹائی آباد میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے،دونوں واقعات ذاتی دشمنی پرفائرنگ سے پیش آئے جبکہ مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں تین زخمی سمیت پانچ اسٹریٹ کرمنلزگرفتارکرکے اسلحہ،موٹرسائیکل، موبائل فونز،مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا،مبینہ پولیس مقابلےجیکسن سکندرآباد ،ملیر میمن گوٹھ، سکھن سوڈا کمپنی کے قریب پیش آئے۔






















