کراچی میں 4 روزہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 اختتام پذیر ہو گئی ہے ، وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، 3 تا 6 نومبر تک جاری رہنے والا دوسرا ایڈیشن بلیو اکانومی کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور جنید انور نے کہا کہ پاکستان کی "میری ٹائم سینچری" کے تحت 3 ڈیپ سی پورٹس کا منصوبہ ہے، قومی شپنگ فلیٹ میں توسیع اور گرین ڈیجیٹل پورٹس کا قیام بھی منصوبہ بندی میں شامل ہے۔
کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے شرکا ماہرین اور نمائش کنندگان سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ میری ٹائم ایکسپو سے بحری صنعت میں ترقی اور معاشی خوشحالی کے نئےامکانات روشن ہوئے، ملکی وغیرملکی اداروں کے درمیان 76 ارب روپے مالیت کی 83 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
ایڈمرل فیصل عباسی نے کہا کہ ایم او یوز پاکستان میں اسٹریٹجک شراکت داری اور بلیو اکانومی میں عالمی سرمایہ کاری کا عزم ہیں۔ ایکسپو میں 44ممالک کے 178 نمائش کنندگان نے شرکت کی جو کہ عالمی سطح پر پاکستان کی بحری صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔






















