امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نیویارک الیکشن میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کی بڑی وجہ طویل حکومتی شٹ ڈاؤن تھا۔
ایک تقریب سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ملک اس وقت تاریخ کے طویل ترین حکومتی شٹ ڈاؤن کا سامنا کر رہا ہے، جو ڈیموکریٹس کی ہٹ دھرمی کے باعث پیدا ہوا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حکومتی شٹ ڈاؤن نے نیویارک الیکشن کے نتائج پر منفی اثر ڈالا، اور اب وقت آگیا ہے کہ ریپبلکن پارٹی فلِبسٹر قانون کے خاتمے پر سنجیدگی سے غور کرے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں شٹ ڈاؤن ختم کرنا چاہیے، ملک کو دوبارہ کھولنا چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ووٹروں کی رجسٹریشن لسٹوں سے متعلق نیا قانون پاس کیا جانا چاہیے تاکہ انتخابی شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ (Mail-in Voting) کو بدعنوانی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاک کے ذریعے ووٹ دینا بدعنوانی کی اجازت دیتا ہے، ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کی حکومت انتخابی نظام میں شفافیت، حکومتی کارکردگی اور عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔




















