آئی ایم ایف نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی جس میں کہا گیاہے کہ عالمی معیشت کو تجارتی و جغرافیائی سیاسی غیر یقینی کا سامنا ہے جبکہ پاکستان میں رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ ہدف سے کم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔
آئی ایم ایف کی رپورت کے مطابق پاکستان میں معاشی شرح نمو 3.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، حکومت نے رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ ہدف 4.2 فیصد مقرر کر رکھا ہے ، پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری میں کمی کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان میں معاشی ترقی کی رفتار 2.7 فیصد تھی، پاکستان میں رواں مالی سال بے روزگاری کم ہو کر 7.5 فیصد پرآنے کا تخمینہ ہے جبکہ گزشتہ مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 8 فیصد تھی۔
پاکستان میں اس سال مہنگائی 6 فیصد تک محدود رہنے کا امکان ہے، رواں مالی سال حکومت کی جانب سے مہنگائی کا ہدف 7.5 فیصد مقرر کیا گیا، گزشتہ مالی سال ملک میں مہنگائی کی شرح 4.5 فیصد تھی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 0.4 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے ، اس سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا حکومتی ہدف0.5 فیصد یا2.1 ارب ڈالر ہے ، گزشتہ مالی سال پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 0.5 فیصد سرپلس تھا۔



















