لاہور میں اسموگ کے خاتمے کیلئے نگران حکومت نے مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کرلیا، لاہور میں مجموعی طور پر ایئر کوالٹی انڈیکس 270 ریکارڈ کیا گیا۔
اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس ایک بار پھر 400 سے تجاوز کرگیا، لاہور کا علاقہ کینٹ 408 اے کیو آئی کے ساتھ آلودہ ترین علاقہ قرار پایا۔
لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس بھی 270 ریکارڈ کیا گیا، دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں لاہور کا دوسرا نمبر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 10 روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں تاہم نگران حکومت کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 28 اور 29 نومبر کو شہر کے زیادہ متاثر ہونیوالے علاقوں میں بارش برسانے کا تجربہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل لاہور میں بارش کے باعث اسموگ کا خاتمہ اور موسم صاف ہوگیا تھا، تاہم ایک بار پھر اسموگ میں اضافے نے شہریوں کو پریشانی میں ڈال رکھا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات اور بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے۔