نئے مالی سال 2026،27 کیلئے میکرو اکنامک فریم ورک تیار کر لیا گیا۔ موجودہ مالی سال معاشی ترقی کے ہدف پر نظرثانی کر دی گئی۔
دستاویز کے مطابق رواں مالی سال معاشی ترقی 4.2 فیصد کے بجائے 4 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ اگلے سال جی ڈی پی گروتھ 5.1 فیصد تک جانے کا ہدف ہے۔ اسٹیٹ بینک کا اس سال گروتھ 3.75 سے 4.75 فیصد تک رہنے کا تخمینہ ہے۔
دستاویز کے مطابق رواں مالی سال جی ڈی پی کا حجم 1 لاکھ 26 ہزار 195 ارب روپے موقع ہے، اگلے سال جی ڈی پی سائز بڑھ کر 1 لاکھ 41 ہزار 663 ارب ہو جائے گا۔
مہنگائی رواں مالی سال 7.5 فیصد ہدف کے بجائے 6.1 فیصد متوقع ہے، آئندہ مالی سال مہنگائی بڑھ کر6.5 فیصد تک جاسکتی ہے، اجناس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی صورت میں صارفین کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا پلان ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق میڈیم ٹرم میں ایکسچینج ریٹ مستحکم، ترسیلات زر میں اضافہ متوقع ہے، برآمدات، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری، ڈالر ان فلوز میں بہتری، زرعی پیداوار میں بہتری سے قیمتیں مستحکم رہنے کا امکان ہے۔
عالمی بینک کی اس سال قیمتیں 6 سال کی کم ترین سطح پر رہنے کی پیش گوئی کے پیش نظر عالمی سطح پر اجناس کی قیمتیں گرنے سے مہنگائی قابو میں رہنے کا امکان ہے۔




















