وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ سب سے بدترین نکاسی کا انتظام گجرات میں ہے، گجرات سے لوگ حکمران بھی رہے لیکن کچھ نہ کرسکے۔ مریم نواز نے 26ارب روپے سے گجرات میں سیوریج سسٹم بنانے کا اعلان کردیا۔
میانوالی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حیران ہوں کہ تنقید اس بات پر ہو رہی ہے کہ وزیراعلیٰ کام کیوں کر رہی ہے، میں نواز شریف کی بیٹی ہوں، کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر حکومت بروقت اقدامات نہ کرتی تو جانی و مالی نقصان کئی گنا زیادہ ہوتا، 3 ماہ سے پنجاب میں بارش جاری ہے اور اوپر سے بھارت نے پانی چھوڑ دیا، مگر ہم نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا۔
انہوں نے دیگر صوبوں کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ باقی صوبوں میں نہ وزیراعلیٰ کام کرتا ہے نہ سسٹم اور اگر وزیراعلیٰ کام نہ کرے تو کوئی سرکاری افسر بھی کام نہیں کرتا۔
مریم نواز نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا گالیاں دینا، تقاریر کرنا سب کو آتا ہے لیکن کام کرنا نہیں آتا، جو گجرات کا وزیراعلیٰ رہا وہ کچھ نہ کر سکا۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتیں صرف ہیلی کاپٹر پر بیٹھ کر سیلاب کا نظارہ کرتی تھیں اور کہتی تھیں "او ہو، کیا ہو گیا " جبکہ موجودہ حکومت نے ہر وزیر کو متاثرہ علاقوں میں موجود رہنے کا حکم دیا ہے۔






















