مسلم ممالک نے قطر کی جانب سے اسرائیل کے خلاف جوابی اقدامات کی حمایت کا اعلان کردیا۔
قطر میں عرب اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس کے اعلامیہ میں غزہ پر اسرائیل کے بزدلانہ حملے کی مذمت کی گئی جبکہ اسرائیل کا قطر پرحملہ خطے میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
اجلاس کے شرکا نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، شرکا نے اسرائیل کے خلاف جوابی اقدامات کی حمایت کی۔ غزہ میں جارحیت کو روکنے کی کوششوں میں قطرکی کوششوں کی حمایت کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں غزہ جنگ بندی کی ثالثی میں قطر کے تعمیری اور قابلِ قدر کردار کو سراہا گیا جبکہ اسرائیل کی جانب سے قطر کو دوبارہ نشانہ بنانے کی دھمکیوں کو مسترد کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اسرائیل کی اقوام متحدہ کی رکنیت معطل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق منصفانہ امن فلسطینی مسئلے کو نظر انداز کرکے حاصل نہیں کیا جا سکتا، اہلِ القدس کو ان کی سرزمین پر قائم رکھنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں مشترکہ سعودی فرانس کی سربراہی میں دو ریاستی حل کانفرنس کے انعقاد کا خیرمقدم کیا گیا۔






















