دوحا میں وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دوستانہ ماحول میں ملاقات ہوئی۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے، ملاقات دوحا میں عرب سرابراہی کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں دوحا پر حملے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے اسرائیل کے دوحا پر حملے کی مذمت کی، وزیراعظم نے اسرائیلی اقدام کو مشرق وسطیٰ میں امن کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش قراردیا۔
وزیر اعظم شہباشریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہا، وزیراعظم نے نازک وقت میں امت مسلمہ کو متحد کرنے پر سعودی ولی عہد کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے سعودی ولی عہد کو مکمل سفارتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شہازشریف نے کہا کہ دوحا اجلاس اس بات ثبوت ہے امت مسلمہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہم آواز ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا وہ وزیراعظم پاکستان کے اسی ہفتے دورہ ریاض کے منتظر ہیں۔ جو دوطرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی معاملات پر بات چیت کا اہم موقع ہو گا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں اور قطر سے اظہار یکجہتی کو سراہا ۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شہباز شریف امیرقطر تمیم بن حمد آل ثانی ، تاجکستان و مصر کے صدور اور ملائیشیا کے وزیراعظم سے بھی ملے۔ وہ فلسطینی صدر محمود عباس سے باہمی احترام کے طور پر گرمجوشی سے بغل گیر ہوئے۔






















