پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے تمام فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کرنے کے ساتھ یہ بھی بتادیا کہ وہ اب کیا کریں گے۔
ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں بابر اعظم نے لکھا کہ آج میں تمام فارمیٹس میں پاکستان ٹیم کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس کیلئے یہ صحیح وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں تینوں فارمیٹس (ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی 20) میں بطور کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا، میں اپنے تجربے اور لگن کے ساتھ نئے کپتان اور قومی ٹیم کی حمایت کیلئے ہر وقت حاضر ہوں۔
واضح رہے کہ بابراعظم نے 117 ون ڈے میچز کی 114 اننگز میں 5729 رنز بنا رکھے ہیں، جس میں 19 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں، اس کے علاوہ وہ اب تک 104 ٹی 20 میچز کی 98 اننگز میں 3 سنچریوں اور 30 نصف سنچریوں کے ساتھ 3 ہزار 485 رنز بناچکے ہیں۔
پاکستان ٹیم نے بابر اعظم کی کپتانی میں ورلڈ کپ 2023ء میں شرکت کی جس میں 9 میچز کھیل کر قومیم ٹیم نے 4 میچز جیت کر 8 پوائنٹس حاصل کئے تھے، گرین شرٹس میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔
گرین شرٹس کو افغانستان کے ہاتھوں بھی غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس پر بابر اعظم اور قومی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس سے قبل بھارت کے لیجنڈ کرکٹر کپل دیو نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بابر کی قابلیت کا اندازہ موجودہ کارکردگی سے نہ لگایا جائے، یہ وہی بابر اعظم ہے جس نے پاکستان کو ون ڈے میں نمبر ون پوزیشن پر پہنچایا تھا۔