قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
بابر اعظم پر ورلڈ کپ 2023ء میں ناقص پرفارمنس پر شدید تنقید کی جارہی تھی، ان پر قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کیلئے شدید دباؤ تھا۔
ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں کپتان بابر اعظم نے کہا کہ مجھے وہ وقت یاد ہے جب 2019ء میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجھے کپتان بننے کا کہا تھا، گزشتہ چار سالوں میں، میں نے میدان کے اندر اور باہر بہت سی باتوں کا تجربہ کیا، تاہم میں نے کرکٹ کی دنیا میں پورے دل و جان اور جذبے سے پاکستان کے فخر اور عزت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ ارادہ کیا۔
— Babar Azam (@babarazam258) November 15, 2023
بابر اعظم نے مزید لکھا کہ وائٹ بال فارمیٹ میں نمبر ون کا مقام حاصل کرنا کھلاڑیوں، کوچز اور انتظامیہ کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ تھا لیکن میں اس سفر کے دوران پاکستان کے پُرجوش شائقین کرکٹ کے غیر متزلزل تعاون کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
قومی ٹیم کے قائد نے اعلان کیا کہ آج میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس فیصلے کیلئے یہ صحیح وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں تینوں فارمیٹس (ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی 20) میں بطور کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا، میں اپنے تجربے اور لگن کے ساتھ نئے کپتان اور قومی ٹیم کی حمایت کیلئے ہر وقت حاضر ہوں۔
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ مجھے اہم ذمہ داری سونپنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔
پی سی بی کا اعلامیہ
پی سی بی کی جانب سے جاری بابر اعظم اور چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کی ملاقات کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں ورلڈکپ کی کارکردگی پر بات ہوئی اور بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کا کہا گیا، تاہم انہوں نے اہلخانہ سے مشاورت کے بعد استعفیٰ دیدیا۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بابر اعظم ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، پی سی بی ان کے فیصلے کا اخترام کرتا ہے اور چاہتے ہیں کہ بابر بطور کھلاڑی کھیلتے رہیں۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ذکاء اشرف نے کہا کہ بابر اعظم پاکستان کے بہترین بلےبازوں میں سے ایک ہیں، وہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے رول ماڈل اور ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں پی سی بی کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔
ذکاء اشرف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم بابراعظم کو ایک عظیم بلے باز کے طور پر ابھرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ کپتانی کا اضافی بوجھ ہٹنے کے بعد بابر اپنی بیٹنگ پر پوری طرح توجہ دے سکیں گے۔
محمد حفیظ ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم مقرر
پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم مینجمنٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کردی گئیں، محمد حفیظ کو ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کردیا گیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان محمد حفیظ کو پاکستان کی مینز کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کردیا ہے۔
ٹی 20 اور ٹیسٹ ٹیموں کے کپتانوں کا اعلان
بابراعظم کی جانب سے تینوں فارمیٹ کی قیادت چھوڑنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 کرکٹ ٹیم جبکہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 انٹرنیشنل کیلئے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کردیا۔
Presenting our captains 🇵🇰@shani_official has been appointed Test captain while @iShaheenAfridi will lead the T20I side. pic.twitter.com/wPSebUB60m
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 15, 2023
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ون ڈے ٹیم کے قائد کے نام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
محمد رضوان کا ردعمل
محمد رضوان نے ایکس (ٹوئٹر) پر بابراعظم کے پیغام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’کپتانا، آپ دلوں کے کپتان ہو، آپ یقیناً پاکستان کے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں‘‘۔
محمد رضوان کا مزید کہنا ہے کہ آپ کی ایمانداری، پیار، دیانت، خیالات اور بطور کپتان پاکستان کیلئے کوششیں قابل قدر ہیں۔
Kaptaaana, aap Dilo k Kaptaan ho. You are definitely one of the greatest batsmen Pakistan has ever seen.
— Muhammad Rizwan (@iMRizwanPak) November 15, 2023
Your honesty, love, integrity, thoughts, and efforts for Pakistan as the captain are the things to look up to. May you continue to shine for Pakistan, Ameen. @babarazam258 🇵🇰 https://t.co/FuZOdyBR6U
انہوں نے بابر اعظم کو دعا دیتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ آپ پاکستان کیلئے چمکتے رہیں، آمین۔