ظفروال میں حالیہ شدید بارشوں سے نالہ ڈیک میں طغیانی آگئی، پانی اوور فلو ہوکر قریبی دیہات میں داخل ہوگیا، شکرگڑھ میں نالہ بئیں میں بھی طغیانی کے باعث درمیانے درجے کا سیلاب ہے، سیلابی پانی کریل پل کی چھت کو چھونے لگا۔ جہلم اور گرد و نواح میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ظفروال میں نالہ ڈیک کے سیلابی پانی سے ہنجلی کے مقام پر پل ٹوٹ گیا ہے، اس وقت 22 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، لہڑی سکروڑ سمیت نچلے علاقوں میں سیلابی پانی پھیلنے اور دھان کی سیکڑوں ایکڑ فصل متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا۔
ریسکیو ٹیم کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ہائی الرٹ کردیا گیا۔ ادھر شکر گڑھ میں سکمال کوٹھے اور قریبی آبادیوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے اور متاثرہ علاقوں میں لوگ محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔
سیلابی ریلے نے چک جیمل فتح پور اور شاہ پور چنجھوڑا سمیت متعدد دیہات کی زرعی زمینوں کو نقصان پہنچایا جبکہ کٹاؤ کے باعث کاشتکار پریشانی سے دوچار ہیں۔
دوسری جانب جہلم اور گرد و نواح میں کلاوڈ بریسٹ کے ساتھ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر فلڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور نالہ بنہاں اور نالہ گھان کے نزدیک رہائشی افراد کو نقل مکانی کی ہدایت کردی گئی ہے۔






















