وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث سیکڑوں افراد کے جاں بحق ہونے اور ریسکیو ہیلی کاپٹر کریش میں 5 شہادتوں پر صوبہ بھر میں کل یوم سوگ کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو صوبہ بھر میں قومی پرچم سر نگوں رہے گا۔
خیبرپختونخوا میں 14 اگست سے جاری شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 200 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ ہوگئے، گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس میں ہیلی کاپٹر نے بھی حصہ لیا، باجوڑ میں کے پی حکومت کا ریسکیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس میں 3 پائلٹ اور عملے سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہفتہ کو صوبہ بھر میں سوگ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کل صوبہ بھر میں قومی پرچ سرنگوں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو ہیلی کاپٹر حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئیں، شہداء کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا، شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی جانیں بچانے کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں، یہ اصل ہیرو ہیں، قربانی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔






















