نگران حکومت نے عوام پر گیس کا مہنگائی بم گرانے کا حکم نامہ جاری کردیا ، اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کےلیے قیمتوں میں ایک سو بہتر فیصد سے زائد تک اضافے کا اطلاق یکم نومبر سے کیا بھی جا چکا ہے ۔
اوگرا کے مطابق ماہانہ پچیس مکعب میٹر کے گھریلو صارفین کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت دو سو سے بڑھا کر تین سو روپے ، جبکہ ماہانہ ساٹھ مکعب میٹر استعمال پر قیمت تین سو سے بڑھا کر چھ سو روپے کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :۔وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی
اسی طرح ماہانہ سو مکعب میٹر گیس استعمال پر صارفین چار سو کے بجائے ایک ہزار روپے ، جبکہ ماہانہ ڈیڑھ سو مکعب میٹر استعمال پرچھ سو کے بجائے بارہ سو روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ادا کرنا ہونگے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ دوسو مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت اب آٹھ سو کے بجائے سولہ سو روپے اور ماہانہ تین سو مکعب میٹر استعمال پر گیارہ سو روپے کے بجائے تین ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ادا کرنا ہوں گے ۔
یہ بھی پڑھیں :۔گیس سیکٹر کے گردشی قرض میں 940 ارب روپے کا اضافہ
اوگرا کے مطابق صارفین کو ماہانہ چار سو مکعب میٹر گیس کے استعمال پر اب دو ہزار کے بجائے ساڑھے تین ہزار روپے اور ماہانہ چارسو مکعب میٹر سے زائد استعمال پر قیمت تین ہزار ایک سو روپے کے بجائے چار ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ادا کرنا ہوگی۔