ملتان سلطانز کے بیٹر طیب طاہر نے کہا ہے کہ ملتان سلطانز کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کرتی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے بیٹر طیب طاہر نے ٹیم کے عزائم اور حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ضروری نہیں کہ ہر بار ٹیم فائنل کھیلے لیکن کوشش یہی ہے کہ آخری دو میچز میں فتح حاصل کی جائے۔
طیب نے واضح کیا کہ ملتان سلطانز کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کرتی بلکہ ٹیم کا کمبینیشن دیکھ کر حکمت عملی بنائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے مالک علی ترین نے کبھی کسی کھلاڑی کو پن پوائنٹ نہیں کیا اور میچ ہارنے پر کھلاڑی خود سب سے زیادہ مایوس ہوتا ہے۔
طیب نے تسلیم کیا کہ کوئی بھی کھلاڑی ہر میچ میں شاندار کارکردگی نہیں دکھا سکتا لیکن جب ٹیم اچھا نہ کرے تو چھوٹی چھوٹی خامیاں بھی نمایاں ہو جاتی ہیں۔
طیب نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی موجودہ فارم کی تعریف کی اور کہا کہ ان کا مومینٹم اس بار کافی مضبوط ہے۔
انہوں نے اپنی ذاتی تیاری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر میچ میں یہ سوچ کر آتے ہیں کہ آج اچھا کھیلنا ہے اور جب ایسی سوچ ہوتی ہے تو نتائج بھی بہتر ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواہ سامنے کوئی بھی ٹیم ہو، ملتان سلطانز اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی اور ہر میچ میں اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔