پنجاب بھر میں عمارتوں کی سیکیورٹی اور فائر سیفٹی کے جامع اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیرِصدارت عوام کےجان و مال کے تحفظ کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں عمارتوں کی سیکیورٹی اور فائر سیفٹی کے جامع اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ پنجاب بھر کی تمام مارکیٹس، عمارتیں، اسکولز، اسپتال اور ہائی رائز عمارتوں کو محفوظ بنایا جائے گا اور ان کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نےتمام عمارتوں کو دو ہفتوں کے اندر حفاظتی ضوابط مکمل کرنے کی مہلت دی، اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران ریسکیو سروسز پنجاب کی تمام تحصیلوں میں متعارف کرائی جائیں گی، جبکہ صوبے بھر کی تمام عمارتوں میں داخلی اور خارجی راستوں کو کلیئر رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نےریسکیو پنجاب کو فائر فائٹنگ کے لیےجدید ٹیکنالوجی، تھرمل اور دیگر ڈرونز سے لیس کرنے کی منظوری بھی دی،مریم نواز نےبلڈنگ سیفٹی ایکٹ پر مکمل عملدرآمد کرانے کا حکم دیتے ہوئے اس مقصد کے لیے پیرا فورس کو خصوصی اختیارات تفویض کر دیے۔
اجلاس سےخطاب کرتےہوئےوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہا کہ عمارتوں میں لگنےوالی آگ سےمؤثرطور پر نمٹنےکےلیےہمت کےساتھ حکمت اورجدید ٹیکنالوجی بھی ضروری ہے،انہوں نےواضح کیا کہ پنجاب کی ہر تحصیل، ہر مارکیٹ، ہر عمارت، ہر اسکول اور ہر ہائی رائز عمارت کو محفوظ بنایا جائے گا۔





















