بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس کو باقاعدہ طور پر ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آف اسپنر مہدی حسن کو نائب کپتان کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جو ٹیم میں نئی قیادت کے آغاز کا اشارہ ہے، کیونکہ ٹائیگرز ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل ایک اہم مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔
ٹی ٹوینٹی سکواڈ میں لٹن داس کپتان، تنزید حسن، پرویز حسین، سومیا سرکار، نجم الحسن شانتو، توحید ہریدوئے، شمیم حسین ، جیکر علی ، راشد حسین ، مہدی حسن نائب کپتان، تنویر السلام ، مستفیض الرحمان، حسن محمد، تنظیم الحسن ساقب،ناہید رانا ، شریف السلام شامل ہیں ۔
یہ اعلان لٹن داس کے کیریئر کا ایک اہم سنگِ میل ہے، کیونکہ 30 سالہ بیٹر کسی بھی فارمیٹ میں پہلی مرتبہ فل ٹائم قیادت سنبھال رہے ہیں۔ لٹن اس سے قبل چار ٹی20 میچز میں عارضی طور پر بنگلہ دیش کی قیادت کر چکے ہیں۔ وہ انگلی کی انجری سے صحتیاب ہو کر کرکٹ میں واپسی کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے وہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی نہیں کر سکے تھے۔
سابق کپتان نجم الحسن شانتو اسکواڈ میں واپسی کرنے والے پانچ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ان کے علاوہ توحید ہردوی، تنویر اسلام، مستفیض الرحمان اور شوریف الاسلام بھی دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بنے ہیں، جس سے ٹیم میں تجربہ اور توازن کو تقویت ملی ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم سب سے پہلے 17 اور 19 مئی کو شارجہ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف دو ٹی20 میچز کھیلے گی، جس کے بعد وہ پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں 25 مئی سے میزبان ٹیم کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز شروع ہوگی۔