بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارت کے خلاف سیریز ملتوی ہونے کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
بی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلادیش شیڈول کے مطابق ہوگا اور اس حوالے سے تمام خدشات بے بنیاد ہیں۔
بی سی بی کے مطابق حال ہی میں ایک ریٹائرڈ بنگلادیشی فوجی افسر کے بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور اس تناظر میں بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ بھارتی ٹیم کا دورۂ بنگلادیش ملتوی ہو سکتا ہے۔
تاہم، بی سی بی نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
بی سی بی کے چیئرمین نجم العابدین نے کہا دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور مجھے مکمل یقین ہے کہ سیریز اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق کھیلی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں بورڈز اس سیریز کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں اور کسی قسم کی افواہوں پر توجہ نہ دی جائے۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو اگست 2025 میں بنگلادیش کا دورہ کرنا ہے، جہاں دونوں ٹیمیں 3 ٹی20 اور 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلیں گی۔