الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات کےلیے انتخابی سامان کی ترسیل کا فیصلہ کرلیا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی سامان کی ترسیل کا شیڈول جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق 2 نومبر سے سندھ کے مختلف اضلاع میں سامان کی ترسیل شروع ہوگی جو 30 اضلاع میں 16 نومبر تک انتخابی سامان کی ترسیل مکمل کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں حساس انتخابی سامان کی ترسیل کی جائے گی۔
یاد رہے کہ 30 اکتوبر کو وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت عام انتخابات سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں صوبوں کے ممبران اور پنجاب کابینہ کے اراکین نے بھی شرکت کی جبکہ اجلاس کے دوران عام انتخابات کے لئے سکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا وقت قریب ہے اور الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں غیرملکی میڈیا اور مبصرین کو مدعو کرلیا۔ الیکشن کمیشن کےمطابق غیرملکی میڈیا اور مبصرین کی رجسٹریشن کےلیے اوپن ڈور پالیسی رکھی گئی ہے،کسی بھی غیرملکی صحافی اور مبصرکو تمام کوائف اور دستاویزات جمع کرانا ہوں گے۔