سندھ حکومت نے تعلیم یافتہ اور ان پڑھ افراد کیلئے جاب پورٹل کا افتتاح کردیا، جس کے ذریعے شہریوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔
جاب پورٹل کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور بزنس کمیونٹی کے علاوہ بڑی تعداد میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارے ملک میں 65 فیصد یوتھ ہے، جن کیلئے جاب پورٹل بنایا ہے، اس میں نا صرف پڑھے لکھے افراد بلکہ ان پڑھ ہُنرمند بھی اپنی سی وی اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورٹل کے ذریعے ناصرف گورنمنٹ بلکہ پرائیوٹ سیکٹر کے اداروں میں بھی روزگار کے مواقع میسر ہوں گے، اس کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے بھی رابطہ کیا گیا ہے تاکہ وہ بھی ایپ سے روزگار کے مواقع دیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ اکثر نوجوان سرکاری نوکری چاہتے ہیں، ایسے پروجیکٹ بھی بنائے ہیں جس سے لوگ ہنرمند ہورہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ یہ پورٹل پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم کیا ہے، تمام شعبوں میں ایپ کے ذریعے لوگوں کو بھرتی کریں گے، صوبائی حکومت سندھ کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہنر مند نوجوانوں کو مواقع فراہم کررہی ہے، بلاول بھٹو چاہتے ہیں نوجوانوں کو مواقع ملیں، خواتین کی بھی تربیت کرکے انہیں روزگار کے قابل بنایا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے جاب پورٹل لانچ کردیا، اس پورٹل پر صوبے کے نوجوان رجسٹرڈ ہوں گے، مواقع اور ٹیلنٹ اکٹھے ہوں گے تو صوبہ ترقی کرے گا، نوکری دینے اور لینے والوں سے گزارش کروں گا کہ زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایک سے 4گریڈ کی نوکریوں کا اشتہار بھی اس پورٹل پر دیں گے، 5 سے 15 گریڈ کی نوکریاں آئی بی اے کے ذریعے دیتے ہیں، شفاف طریقے سے نوکریاں دیں گے، عارضی نوکریوں کو بھی اس سسٹم کے ساتھ لنک کریں گے، اس جاب پورٹل کی تشہیر کریگے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ رجسٹرڈ ہوسکیں۔