وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی سی ٹی تربیت کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے وفد کے ارکان نے شرکت کی اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں اور عالمی معیار کی آئی ٹی تربیت دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران گزشتہ برس چین میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے ساتھ طے شدہ معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی اور آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، مزید برآں، ہواوے کی جانب سے اب تک 20 ہزار 315 طلبہ کو تربیت دی جا چکی ہے۔
وزیراعظم نے آئی ٹی تربیت کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے منصوبے کو تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک وسعت دینے کی بھی ہدایت جاری کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے اور حکومت انہیں جدید مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہواوے کے آئی سی ٹی تربیت پروگرام سے نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے نمائندوں نے پاکستان میں جدید تربیتی پروگرام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔