لاہور ہائیکورٹ نے تاحیات نااہلی کے قانون میں ترمیم کرنے کے خلاف دائر درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن ایکٹ میں تاحیات نااہلی کے قانون میں ترمیم کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے شہری مشکور حسین کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن ایکٹ میں ترمیم کر کے تاحیات نااہلی کی مدت کو ختم کر کے 5 برس کردیا گیا، سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل سکسٹی ٹو ایف ون کی پہلے ہی تشریح کر چکی ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے اقدام کالعدم قرار دے۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ ترمیم اسمبلی میں ہوئی اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جواب دینا ہے تو دے دیں ورنہ وفاق جواب داخل کرے، جس پر وفاقی حکومت کے وکیل نے جواب جمع کروانے کے لیے مہلت کی استدعا کردی۔ عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔