لاہور میں 2024ء کے دوران 746 احتجاجی مظاہرے پولیس کو کروڑوں روپے میں پڑے، پُرتشدد مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے 25 لاکھ روپے مالیت کے لانگ رینج شیل فائر کئے گئے۔
سال 2024ء کے دوران پُرتشدد احتجاج پولیس کی جیب پر بھاری رہے، نقصانات اور اخراجات کی مد میں 5 کروڑ روپے سے زائد رقم لگ گئی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال 746 احتجاج ہوئے، 85 سیاسی جماعت نے کئے، جنہیں پُرتشدد قرار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بپھرے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے 25 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 1061 لانگ رینج شیل چلائے گئے، 10 لاکھ روپے مالیت کے 174 شارٹ رینج شیلز اور 315 ربڑ بال بلٹس چلانا پڑیں۔
مشتعل افراد نے آپریشنز ونگ کی موبائل کینٹین توڑی جس میں ایک لاکھ 70 ہزار کا نقصان ہوا، پولیس کی 2 بسیں تباہ ہوئیں، مرمت کا تخمینہ 3 لاکھ 86 ہزار لگایا گیا، مظاہرین اہلکاروں سے ایک ایس ایم جی رائفل، بریٹا پستول اور پولواسٹک بھی چھین کر لے گئے۔
حکام کے مطابق سیاسی جماعت کی جانب سے مشتعل احتجاج ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں ہوئے، احتجاج کے حوالے سے نئے قوانین کے تحت املاک کے نقصانات کا ازالہ مظاہرین سے کروایا جائے گا۔