معروف بھارتی کرکٹر ’یوزویندرا چاہل ‘اور ان کی اہلیہ اداکارہ و کوریوگرافر’ دھناشری ورما ‘کی شادی کے تقریباً 5 سال بعد طلاق کی افواہیں زور پکڑ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افواہیں ایسے وقت میں سامنے آئیں جب دونوں نے حال ہی میں ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اَن فالو کردیا۔علاوہ ازیں یوزویندرا چاہل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنی اہلیہ دھناشری کے ساتھ تمام تصاویر بھی ڈیلیٹ کر دی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ جوڑا گزشتہ چند ماہ سے علیحدہ رہ رہا ہے، خاندان کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دونوں کے درمیان اختلافات اس حد تک شدت اختیار کر چکے ہیں کہ طلاق ناگزیر ہوچکی ہے، تاہم اختلافات کے پیچھے اصل وجوہات تاحال واضح نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ان دونوں کی طلاق کی افواہیں گرم ہوئی ہیں، اس سے قبل 2023ء میں بھی دھناشری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے یوزویندرا چاہل کو ان فالو کر دیا تھا۔اسی وقت یوزویندرا چہل نے بھی ایک پوسٹ میں ڈھکے چھپے انداز میں پیغام درج کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ 'نئی زندگی کا آغاز'۔
ان دونوں کے اس اقدام سے طلاق کی افواہیں زور پکڑ گئی تھیں تاہم اس وقت یوزویندرا چہل نے اِن افواہوں کو مسترد کردیا تھا اور مداحوں سے غیر مصدقہ خبریں نہ پھیلانے کی تاکید کی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا کی طلاق کی افواہیں بھی طویل عرصے تک گرم رہیں، بالآخر جولائی میں انہوں نے اہلیہ نتاسا اسٹینکووچ سے علیحدگی کی تصدیق کردی تھی۔