بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کا بلا ان دنوں خاموش ہے اور اسی وجہ سے وہ کافی مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اور آؤٹ آف فارم ہونے پر ہر کوئی ان پر تنقید کر رہا ہے۔
کوہلی کے بارڈرگواسکر ٹرافی میں بڑے رنز نہ بنانے اور مسلسل وکٹوں کے پیچھےکیچ آؤٹ ہونے کی وجہ سے ان کے ٹیسٹ کیریئر کے مستقبل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف بارڈرگواسکر ٹرافی کے 5 میچز میں صرف 190 رنز بنائے۔
ویرات کوہلی اس سیریز میں 9 اننگز میں 8 بار کوور ڈرائیو مارنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہوئے، بولر ان کی تکنیکی خامیوں سے اب پوری طرح واقف ہو چکے ہیں اور وہ انہیں آسانی سے نشانہ بنا رہے ہیں۔
مسلسل رنز نہ بنانے کی وجہ سے بھارتی کپتان روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ سے باہر ہوئے جس کے بعد کوہلی کے بھی مستقبل میں ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے پر سوالات اٹھ رہے ہیں تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق کوہلی ابھی ریٹائرمنٹ لینے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ کوہلی نے 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ تک ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کھیلنے کا عزم کر رکھا ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ میں زیرِ گردش اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما نے اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق کہا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے فی الحال ریٹائرمنٹ نہیں لے رہا، آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ میںحصہ نہیں لیا تھا۔
روہت نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ سے باہر رہنے کے فیصلے کو ریٹائرمنٹ نہیں سمجھنا چاہیے، قلم یا لیپ ٹاپ رکھنے والے یہ فیصلہ نہیں کر سکتے کہ کسی کھلاڑی کو کب ریٹائر ہونا چاہیے۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ باہر بیٹھے لوگ یہ فیصلہ نہیں کرسکتے کہ مجھے کب باہر بیٹھنا چاہیے، کب کپتانی کرنی چاہیے، میں ایک سمجھدار اور بالغ ہوں اور دو بچوں کا باپ ہوں، تو میں جانتا ہوں کہ کب کیا فیصلہ کرنا ہے۔