وزیر اعظم شہباز شریف نے گوگل فار ایجوکیشن کو حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کا دائرہ کار بڑھانے کی دعوت دے دی۔
جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف سے گوگل فار ایجوکیشن کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں 8 ممالک کے نمائندگان شامل تھے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ تعلیم کے شعبے میں حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
لازمی پڑھیں۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری حکومتی ترجیح ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ایک چیلنج ضرور ہے، اس چیلنج میں سے مواقع تلاش کیے جائیں گے، ٹیکنالوجی کے استعمال سے نوجوانوں کی صلاحیت میں اضافے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں قابل طالب علموں کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جا رہے ہیں اور لیپ ٹاپ کی فراہمی کیلئے بجٹ میں رقم مختص کی جا چکی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے گوگل کے پاکستان میں کروم بک بنانے کا پلانٹ لگانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور گوگل فار ایجوکیشن اور وزارت وفاقی تعلیم کے درمیان معاہدے کو سراہا۔