سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ سورج پہلی بار دسمبر 2021 کے بعد مکمل طور پر صاف دکھائی دے رہا ہے اور اس پر کوئی دھبہ موجود نہیں ہے۔
روسی اکیڈمی آف سائنسز کے اسپیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی سولر ایسٹرونومی لیبارٹری نے رپورٹ دی کہ زمین کی طرف دیکھنے والا سورج کا حصہ ایک مکمل ہموار ڈسک کی مانند ہے، جس پر کوئی دھبہ نہیں۔ اسی دوران فلیر ایکٹیویٹی انڈیکس بھی صفر پر پہنچ گیا، جو 2024 کے بعد پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق سن اسپاٹس سورج پر سیاہ علاقے پیدا کرتے ہیں، جو مقناطیسی میدان کے اہم پوائنٹ کے طور پر کام کرتے ہیں۔ یہ مقناطیسی میدان توانائی پیدا کرنے اور فلیر کی سرگرمیوں میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔ سن اسپاٹس کے غائب ہونے کا مطلب سورج کی سرگرمی میں کمزوری یا سولر مِنی مَمٹ کے دوران کم ایکٹیویٹی ہے۔
حالیہ صورتحال غیر معمولی ہے کیونکہ صرف 18 ماہ قبل سورج نے اپنے زیادہ سے زیادہ چکر کا اختتام کیا تھا۔ جنوری اور فروری 2026 کے آغاز میں سورج نے اپنی سرگرمی کے دو اہم ریکارڈ توڑنے والے واقعات بھی دکھائے، جن میں ایک زبردست ریڈی ایشن اسٹورم اور ایک فعال زون سے متعدد طاقتور فلیرز شامل تھے۔
روسی اکیڈمی آف سائنسز کے سائنسدان توقع کررہے ہیں کہ موجودہ خاموشی کے بعد سورج کی سرگرمیاں دوبارہ بڑھیں گی۔ تاریخی ریکارڈ کے مطابق لمبے عرصے تک کم سرگرمی کے ادوار بار بار آتے رہے ہیں۔





















