لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک میں عام انتخابات مقررہ مدت میں نہ کرانے کے اقدام کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیاں کرانے کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے محمد مقسط سلیم کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عدالت میں تحریری جواب جمع کرا دیا، جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے، درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی جائے۔
عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19اکتوبر تک ملتوی کردی جبکہ درخواستگزار کی کچھ دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی متفرق درخواست منظور کرلی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن میں کہا کہ انہوں نے مردم شماری اور نئی حلقہ بندیاں کرنی ہیں، الیکشن کمیشن کا موقف آرٹیکل 224 شق دو کی خلاف ورزی ہے، ایک سال کی تاخیر سے حلقہ بندیوں کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔