سعودی دارالحکومت ریاض میں اسلامی ترقیاتی بینک کے گولڈن جوبلی اجلاس میں کئی معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔
بینک آف کامرس اینڈ ڈیولپمنٹ کے ساتھ افریقہ کی اقتصادی ترقی کے لیے 40 ملین ڈالر، دو افریقی بینکوں کے ساتھ 250 ملین ڈالر کے فنانسنگ، یوگنڈا کی حکومت کے ساتھ 150 ملین ڈالر کا تین سالہ فریم ورک معاہدہ ہوگیا، معاہدے کے تحت ابھرتی ہوئی کمپنیوں کو عرب سمٹ کی اسپانسرشپ دی جائے گی۔ اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن کے ساتھ بھی معاہدہ طے پایا۔
دوسری جانب اسلامی ترقیاتی بینک کا گولڈن جوبلی اجلاس سے ایم ڈی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) ایمانداری اور پیشہ وارانہ طریقے سے کام کر رہا ہے۔ کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک نے وبا ہو یا کوئی اور قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے، ہم سمجھتے ہیں دونوں اداروں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
چیئرمین اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرمحمد سلمان الجاسر نے بینک کے اہداف سے متعلق بتایا کہ آئی ڈی بی نے 2023 میں 182ارب ڈالر کے فنڈز جاری کئے اور 12 ہزار سے زائد منصوبے شروع کیے۔
تقریب میں گورنر ریاض فیصل بن بندرالسعود نے سعودی فرمانروا کا پیغام پڑھ کر سنایا، سعودی وزیرخزانہ اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی تقریب سے بھی خطاب کیا جبکہ دیگر ممالک کے رہنماؤں کے پیغامات بھی ویڈیو لنک کے ذریعے جاری کئے گئے۔