ملک نے مختلف علاقوں میں دن بھر کی طرح رات کو بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ برف باری اور بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کےمطابق رات کو بلوچستان، خیبرپختونخوا ، سندھ ، اسلام آباد ، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بیشتر مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے ۔
اسی طرح بلوچستان ، زیریں سندھ ، خیبرپختونخوا،اسلام آباد، بالائی پنجاب،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں موسلادھار بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے ۔
جمعہ کو سب سے کم درجہ حرارت میں لہہ میں منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ کالام ، گوپس میں درجہ حرارت منفی تین اور استور میں منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
بگروٹ، ہنزہ ، مالم جبہ اور اسکردو کا درجہ حرارت منفی ایک ۔ اسلام آباد میں نو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ لاہور میں تیرہ،کراچی اٹھارہ ، پشاور میں دس اور کوئٹہ میں سات ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے شہر کے موسم کو حسین بنا دیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرد ہواوں اور بارش کا یہ سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا ۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج دن میں ہلکی اور شام میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔