الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انتخابی رولز کی 18 شقوں میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔ ترمیم شدہ رولز پر 15 روز میں اعتراضات دائر کیے جا سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ترمیم شدہ رولز پر 15 روز میں اعتراضات دائر کیے جا سکیں گے، الیکشن کمیشن نے ترمیم شدہ رولز پر 5 نئے فارم بھی جاری کردیئے۔
الیکشن اخراجات کے لیے بینک اکاونٹ سے متعلق رولز میں تبدیلی کردی گئی۔ ترمیم کے تحت امیدوار کو انتخابی اخراجات کے لیے الگ بینک اکاونٹ کھولنا ہوگا، الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار کا مشترکہ اکاؤنٹ قابل قبول نہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروا دیے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کی جائے گی جبکہ حتمی فہرست30 نومبر کو شائع کی جائےگی۔
دوسری جانب عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہنگامی خط میں فوری طور پر تیاریاں شروع کرنے کا بھی حکم دے دیا۔