پیپلزپارٹی کے تین سابق صوبائی وزراء نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی، شرجیل میمن نے پی ایس 61، جام خان شورو نے پی ایس 60 اور سہیل انور سیال نے پی ایس 12 سے میدان مار لیا۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بعد پیپلزپارٹی کے مزید تین رہنماؤں نے سندھ اسمبلی کی نشستیں جیت لیں۔ پی ایس 61 حیدرآباد کے مکمل غیر سرکاری نتیجے کے مطابق شرجیل انعام میمن 63 ہزار 638 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں، ان کے مد مقابل جمعیت علماء اسلام کے امیدوار حافظ سعید احمد 11 ہزار 719 ووٹ لے کر دوسرے نمبر رہے۔
پی ایس 12 لاڑکانہ کے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی امیدوار سہیل انور سیال 50 ہزار 400 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل جی ڈی اے کے معظم علی عباسی 27 ہزار 236 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
پی ایس 60 کے مکمل غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹٰ کے جام خان شورو 36 ہزار 830 لے کر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے، ان کے مقابلے میں جی ڈی اے کے ایاز لطیف پلیجو صرف 6864 ووٹ حاصل کرسکے۔
شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خبریں آرہی ہیں، سندھ میں پیپلزپارٹی نے کلین سوئپ کیا ہے، لوگ بلاول بھٹو کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں، نواز شریف بری خبر کے طور پر سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل سروس کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، دن بھر رابطے کرنے میں مشکلات پیش آئیں، کراچی سے بھی پیپلزپارٹی کامیاب ہورہی ہے۔
پی ایس 61 پر شرجیل انعام میمن کی کامیابی کے بعد حلقے میں کارکنوں نے جشن منایا، آتشبازی بھی کی گئی۔