الیکشن 2024ء کیلئے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا حلقہ این اے 67 حافظ آباد اور سب سے چھوٹا حلقہ کراچی میں این اے 244 ہے۔
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) ملک بھر کے انتخابی حلقوں اور ووٹرز سے متعلق دلچسپ حقائق سامنے لے آیا۔
ملک بھر میں ووٹرز کی تعداد کس حلقے میں سب سے زیادہ اور کس حلقے میں سب سے کم ہے؟، صوبوں میں کس شہر کا پہلا اور کس شہر کا آخری نمبر ہے، وفاقی دارالحکومت میں کیا صورتحال ہے؟، فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے اپنی رپورٹ جاری کردی۔
فافن رپورٹ کے مطابق 8 لاکھ 10 ہزار سے زائد ووٹرز کے ساتھ حافظ آباد کا حلقہ این اے 67 ملک کا سب سے بڑا جبکہ کراچی کے حلقہ این کے 244 میں سب سے کم ایک لاکھ 55 ہزار 824 ووٹرز ہیں، 6 لاکھ 7 ہزار سے زائد ووٹرز کے ساتھ این اے 209 سانگھڑ سندھ کا سب سے بڑا حلقہ ہے جبکہ پنجاب میں سب سے کم 3 لاکھ 10 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز این اے 124 لاہور میں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 7 لاکھ 25 ہزار کے قریب ووٹرز کے ساتھ این اے 18 ہری پور خیبرپختونخوا کا سے سب بڑا جبکہ ایک لاکھ 96 ہزار ووٹرز کے ساتھ این اے 12 کوہستان صوبے کا سب سے چھوٹا حلقہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان میں سب سے زیادہ 5 لاکھ 32 ہزار 537 ووٹرز این اے 255 میں رجسٹرڈ ہیں جبکہ ایک لاکھ 96 ہزار 752 ووٹرز کے ساتھ این اے 264 کوئٹہ صوبے کا سب سے چھوٹا حلقہ ہے۔
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے 3 حلقوں میں 4 لاکھ 33 ہزار سے زائد ووٹرز کے ساتھ این اے 47 سب سے بڑا جبکہ 2 لاکھ 92 ہزار 380 ووٹرز کے ساتھ این اے 48 وفاقی دارالحکومت کا سب سے چھوٹا حلقہ ہے۔