بلوچستان کے ضلع خضدار اور واشک میں 3 مختلف ٹریفک حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہوگئے۔
لیویز کے مطابق خضدار کے علاقے سمان کے قریب کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر 2 حادثات ہوئے، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
لیویز کے مطابق حادثات میں جاں بحق ہونیوالے دو افراد کا تعلق کراچی اور 3 کا کوئٹہ سے ہے۔
ادھر ضلع واشک کے علاقے بسیمہ میں دو گاڑیوں میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کیلئے سول اسپتال بسیمہ منتقل کردیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حادثہ پھسلن کی وجہ سے گاڑی الٹنے کے باعث پیش آیا، زخمیوں کا تعلق پنجگور، بسیمہ اور خضدار سے ہے۔