ملک بھر میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے جبکہ مختلف شہروں میں دھند نے معمولات زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔
لاہور میں پارہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں بھی یختہ بستہ ہواؤں کا راج ہے۔ شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 6ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ملتان میں حدنگاہ کم ہے۔ بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجاد سے نیچے ہے۔ گلگت بلتستان میں آج رات ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
شدید دھند اور سردی کے باعث سڑکیں ویران اور ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے، جس سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے بزرگوں اور بچوں کو شدید سردی سے بچانے پر زور دیا ہے۔
خشک سردی کے باعث نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر موسمی بیماریوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، گرم لباس استعمال کرنے اور بچوں و بزرگوں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مختلف شہروں میں 16 جنوری تک سردی کی شدت سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ برفباری کے امکانات ہیں،دھند اور اسموگ کی صورتحال میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک سردی اور دھند کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔





















