اکبر ایس بابر نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بڑی پیشکش کردی، کہتے ہیں کہ آئیں مل کر پاکستان تحریک انصاف کو بچائیں اور منظم کریں، یہ آخری پیشکش ہے، پی ٹی آئی آج تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، نئے راستوں کا تعین کرنا ہوگا۔ دونوں جانب سے تین تین ارکان اور ایک ایک وکیل نامزد کرنے کی بھی تجویز دیدی۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کالعدم قیادت انٹرا پارٹی الیکشن سے پیچھے ہٹ گئی، ہم نے انٹرا پارٹی الیکشن کیخلاف پٹیشن تیار کرلی تھی، اگر یہ انٹرا پارٹی انتخابات کراتے تو پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا، تحریک انصاف ڈی لسٹ ہوسکتی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے شفاف انٹرا پارٹی الیکشن چاہتے ہیں، چاہتے ہیں نئی قیادت آکر انتشار کے باوجود نوجوانوں کی تربیت کرے۔
مزید تفصیلات جانیے : ورکرز کی الیکشن میں مصروفیات کے باعث پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات ملتوی
اکبر ایس بابر نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بڑی پیش کش بھی کردی۔ کہا کہ آئیں مل کر تحریک انصاف کو بچائیں اور منظم کریں، پی ٹی آئی آج تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، نئے راستوں کا تعین کرنا ہوگا۔
اکبر ایس بابر نے تجویز دی کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین 3 نمائندے نامزد کریں، ہم بھی اپنے 3 نمائندے نامزد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین ایک وکیل نامزد کریں، ہم بھی وکیل نامزد کرتے ہیں، دونوں جانب وکلاء ایس او پیز تیار کریں، ہم سب اتفاق کریں گے۔
پی ٹی آئی کے بانی رکن کا کہنا ہے کہ مصالحتی راستے کیلئے یہ تجویز بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھتا ہوں، یہ آخری پیش کش ہے، آگے کھائی ہے، ہم نے مل کر پارٹی کو بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکش کمیشن آف پاکستان بھی انٹرا پارٹی الیکشن کے عمل کو دیکھے، حالات خراب ہوچکے، ناقص فیصلوں سے پارٹی کو نقصان ہوا، کس کی ایماء پر فیصلے ہورہے ہیں، پی ٹی آئی میں قیادت کا فقدان ہے، پی ٹی آئی پر قبضے کا خواہشمند تازہ ترین دستہ ناکام ہوگا، میں تحریک انصاف کا دشمن نہیں، دوست ہوں، میری رکنیت کے حوالے سے سپریم کورٹ میں حقیقت سامنے آگئی۔
اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف عروج پر پہنچی تاہم راستے سے بھٹک گئی، ہر قانونی اور سیاسی طریقہ استعمال کیا ہے۔