پاکستان کرکٹ ٹیم کے ماسٹر بیٹر بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ مثبت سوچ رکھتے ہیں، ان کا سب سے بڑا گول ورلڈکپ جیتنا ہے جبکہ پی ایس ایل ان کی پسندیدہ لیگ ہے، آج جس مقام پر ہوں اس میں سرفراز احمد کا بڑا ہاتھ ہے۔
سوشل میڈیا پر ایکس اسپیس میں مداحوں سے گفتگو کے خصوصی سیشن میں سابق کپتان بابر اعظم نے انکشاف کیا کہ ان کی زندگی میں کئی نشیب و فراز آئے، ایسے حالات بھی آئے جب وہ والد کی گھڑیوں کی دکان پر کام کرنے جاتا تھا، جب پاکستان ٹیم میں پہلی بار نام آیا وہ زندگی کے جذبانی لمحات میں سے ایک تھا۔
قومی ٹیم اسٹار بیٹر نے کہا کہ آج میں جس مقام پر ہوں اس میں سرفراز احمد کا بڑا ہاتھ ہے، انہیں میرے بلے ہمیشہ پسند آتے ہیں، فخر زمان کے ساتھ کھیلتے ہوئے پریشر نہیں ہوتا بلکہ دوسری ٹیم پریشر میں رہتی ہے۔
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں زمبابوے کیخلاف شکست سے دل ٹوٹا تھا، جذباتی بھی ہوا، جب کھلاڑیوں کی پرفارمنس کی وجہ سے ان کی فیملیز کو ہٹ کیا جاتا ہے تو مشکل ہوتی ہے۔
سابق کپتان نے مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ بطور پروفیشنل کوئی پرفیکٹ نہیں ہوتا، اسٹیو اسمتھ کی کور ڈرائیو سب سے بہترین ہے اور اے بی ڈی ویلیئرز ڈریم بیٹنگ پارٹنر ہیں۔
بابراعظم نے شادی سے متعلق سوال پر محمد رضوان کو جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اکیلے میں جواب دوں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیشہ مثبت سوچ رکھتا ہوں، کبھی کبھی منفی چیزوں کو نظرانداز کرتا ہوں، جو غلطیاں ہوتی ہیں اپنے قریبی دوستوں اور مینٹورز سے بات کرتا ہوں، میرا سب سے بڑا گول ورلڈ کپ جیتنا ہے۔