کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مڈل آرڈر بیٹسمین حسن نواز نے سماء نیوز کے سپورٹس رپورٹر قادر خواجہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہٹنگ کرتے ہیں اور رنز بناتے ہیں ، بھارتی ٹیم کے باولرز کو ہٹنگ کرنے کا سوچتا ہوں، سیدھی سی بات ہے کہ ان کے باولرز سے نفرت ہے ۔
تفصیلات کے مطابق حسن نواز کا کہناتھا کہ گزشتہ سال جیسا کمبی نیشن نہیں نہیں بن سکا، ہم تینوں فارمیٹ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے ، کچھ میچ فیلڈنگ ، کچھ بیٹنگ اور کچھ باولنگ کی وجہ سے ہارے، اگر لاہور قلندرز کو شکست ہوتی ہے اور ہم اگلا میچ جیت جاتے ہیں تو کافی بہتر ہوگا۔ ہمارا باولر دانیال انجرڈ ہو گیا، ہمارے پاس ایسے فاسٹ باولر نہیں تھے جو آغاز کے اوورز میں وکٹیں لے سکیں، عثمان اور ابرار نے اچھی باولنگ کی ہے لیکن ہمارے پاس ویسے فاسٹ باولر نہیں تھے ۔
ان کا کہناتھا کہ مڈل آرڈر میں نمبر چار پر کافی اچھا پرفارم کیاہے، اس نمبر پر دنیا میں میرے سب سے زیادہ رنز ہیں، پاکستان میں تو میں نیچے بھی کھیلتاہوں ،ورلڈ کپ میں ٹیم میں نے تو نہیں سلیکٹ کرنی تھی ، ٹیم میں نام نہیں آیا تو افسوس ہواتھا، محنت کر رہا ہوں اور کوشش کروں گا کہ آگے ایونٹس میں جگہ بنا سکوں ۔
حسن نے کہا کہ میں پاکستان کی طرف سے تینوں فارمیٹس کھیلنا چاہتاہوں ، میں فرسٹ کلاس ضرور کھیلوں گا، ابھی تو 23 سال عمر ہے ، 15 سال کرکٹ ہی کھیلنی ہے، حالات کو دیکھتے ہوئے ہٹنگ کرتے ہیں اور رنز بنانے کی کوشش کرتے ہیں ۔





















