تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی کو سزائے موت ہو سکتی ہے،بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کو جج کے لگائےگئے وکلاء پر اعتماد نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے کیسز چل رہےہیں،دو عدالتیں لگائی گئیں انصاف کا قتل ہوتے دیکھا ہے،سائفر ٹرائل کیس میں جج نے علیحدہ عدالت لگا کر بانی پی ٹی آئی کو بلایا ،وہ پہلی عدالت میں تھے دوسری عدالت میں کیسے جا سکتے تھے۔
انہوں نے کہاکہ جج صاحب نے حق دفاع ختم کیا،یہ حساس نوعیت کا کیس ہے اس میں سزائے موت ہو سکتی ہے،بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کو جج کے لگائےگئے وکلاء پر اعتماد نہیں،رات یہ وقت ہو چکا ہے، رات کے اس وقت بانی پی ٹی آئی کا 342 کا بیان ہو رہا ہے ۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ یہ سب قانون اور آئین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے،سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ استدعا ہےکہ سو موٹو لیا جائے۔ ہم چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ انصاف دلوایا جائے، آئینی تقاضے پورے کئے جائیں، ہم عدالت کے سوا کس کے پاس جائیں،جو بھی جرم ہو مگر حق دفاع کا حق ختم نہیں کیا جانا چاہیے۔