مچھ میں سیکیورٹی فورسز نے کالعدم بی ایل اے کے دہشتگردوں کے حملے کو پسپا کردیا، تخریب کاروں کے راکٹ حملوں میں کئی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کے دہشت گردوں نے مچھ جیل اور سرکاری عمارتوں پر راکٹوں سے حملہ کیا، جس کے بعد اندر گھسنے کی بھی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کو پہلے سے دہشتگردوں کے حملے کی اطلاعات مل گئی تھیں، جس پر تخریب کاروں کو فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے حملہ ناکام بنادیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مچھ میں دہشت گردوں کیلئے گھات لگا رکھی تھی، دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے مؤثر جواب کے نتیجے میں بوکھلا کر پسپا ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بھاگنے والے دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن شروع کردیا۔
رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے راکٹ حملوں کے بعد مچھ شہر کی بجلی منقطع کردی گئی جبکہ شہر کو دیگر علاقوں سے ملانے والی سڑکیں بھی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی تھی، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے عملے کو بلالیا گیا تھا۔
اس سے قبل سماء ٹی وی کے مطابق بلوچستان کے شہر مچھ میں کئی زور دار دھماکوں کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، شہری گھروں تک محدود ہوگئے، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئی جبکہ دہشت گردوں اور فورسز میں شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے۔
دہشت گردوں کے حملے اور دھماکوں کے بعد شہر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، کوئٹہ کو بولان اور سبی سے ملانے والی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی۔