مریم نواز کا دعویٰ ہے کہ مہنگائی کے مارے عوام نواز شریف کو آوازیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے بورے والا جلسے میں مسلم لیگ ن کے منشور کا اعلان بھی کردیا، کہا کہ مفت بجلی، مفت تعلیم، مفت دوائیں، مہنگائی سے چھٹکارا، کسان کی خوشحالی اور شہر شہر گاؤں گاؤں ترقی دینا ہماری ذمہ داری ہے ۔
بورے والا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مخالفین پنجاب میں آکر نوازشریف پر تنقید کررہے ہیں، وہ جہاں سے آئے ہیں وہاں کے تعلیمی اداروں میں جانور بندھے ہیں، جنوبی پنجاب کے نام پر بھی صرف سیاست کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جب روزگار کا پوچھا تو سب کا ہاتھ کھڑا تھا، آج بھی خدا گواہ ہے کہ نواز شریف کو ووٹ دو تو وہ آپ کی خدمت کیلئے کہہ رہے ہیں، جتنے بھی امیدوار ہیں یہ سب نواز شریف سے کمٹمنٹ والے لوگ ہیں، ان سب کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں تاکہ ن لیگ خدمت کرسکے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج کل تمام مخالف جماعتیں آکر پنجاب میں ووٹ مانگ رہی ہیں، ووٹ مانگ تو رہی ہیں لیکن جلسہ کرنے میں مشکل پیش آتی ہے، جہاں وہ جلسہ کرتے ہیں آگے پیچھے، دائیں بائیں بھی ن لیگ کے منصوبے نظر آتے ہیں، کل این اے 119 میں گئی وہاں 4 مرتبہ سر پر سے اورنج ٹرین گزری، اورنج ٹرین دیکھ کر کہا دیکھا نوازشریف کا منشور جارہا ہے۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ آج بورے والا کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنے کی ضرورت نہیں، بورے والا جانتا ہے نواز شریف نے قوم کی کتنی خدمت کی ہے، صرف ن لیگ ایسی جماعت ہے جو اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں گئی، نوازشریف وہ ہے جس نے عوام کی حقیقی خدمت کی ہے۔
مریم نواز نے ن لیگ کے انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بجلی، تعلیم، دوائیں سب مفت ہوں گی، مہنگائی سے نجات مسلم لیگ ن کا منشور ہے، کسان کی خوشحالی اور شہر شہر، گاؤں گاؤں ترقی دینا ہماری ذمہ داری ہوگی، اسپتال ٹھیک کرنا، اچھے اسکول، اچھی یونیورسٹیز بنانا ہماری ذمہ داری ہے، موٹر ویز کا جال بچھانا، گیس پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، روٹی کی قیمتیں، چینی، آٹا، سبزی، گوشت کی قیمتیں کم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جب کام کیا ہو تو کسی پر تنقید کی ضرورت نہیں ہوتی، کوئی آیا تنقید کرکے چلتا بنا، کوئی گالم گلوچ اور جیلوں میں ڈال کر چلتا بنا، حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت صرف مسلم لیگ ن نے کی ہے، نواز شریف 22، 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ ختم کرکے صفر پر لاسکتا ہے، بڑے لوگ آئے جنوبی پنجاب کے نام پر بیوقوف بناکر چلے گئے، اگر کسی نے جنوبی پنجاب کی خدمت کی ہے تو وہ ن لیگ ہے۔
ن لیگی رہنماء نے مزید کہا کہ ن لیگ کے دور میں ملتان میں میٹرو بنی، نشتر اسپتال 2 بنا، لاہور میں پی کے ایل آئی بنا، لاہور میں اسٹیٹ آف چلڈرن اسپتال بنا تو ملتان میں بھی بنا۔