سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ن لیگ کو موقع ملا تو وہ کام کرکے جائیں گے تاریخ یاد رکھے گی، میں کوئی امپورٹڈ نہیں مقامی وزیراعظم تھا، وہ وزیراعظم نہیں جو وعدہ کرکے بھول جائے اور یوٹرن پر یوٹرن لے۔
ننکانہ صاحب میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ میری ہمت نہیں ٹوٹی آج بھی میری ہمت جوان ہے، مخالفین کو دشمنی یہ تھی کہ میں نے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کردی، بتائیں ملک سے دہشت گردی کس نے ختم کی؟ امن کس نے بحال کیا؟ یہاں ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے کو ہتھکڑی لگائی جاتی ہے؟۔
انہوں نے سوال کیا کہ لوگوں کو تکلیف میں کیوں ڈال دیا گیا؟ کوئی یہ کہہ سکتا ہے کہ آج کا پاکستان 2017ء کے پاکستان سے بہتر ہے؟۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اس سارے نظام کو بدلیں گے، میں مقامی وزیراعظم اور وہ ناکام وزیراعظم تھا، میں وہ وزیراعظم نہیں جو وعدہ کرکے بھول جائے، یوٹرن پر یوٹرن لے۔
نواز شریف نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو خدمت کا موقع ملا تو ننکانہ صاحب کو ماڈل سٹی بنائیں گے، دل کی بیماری کا اسپتال بنائیں گے، ن لیگ وہ کام کرکے جائے گی کہ تاریخ یاد رکھے گی۔