نگران وزیراعظم انوار الحق نے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنانے کیلئے اقدامات کی منطوری دیدی ہے جس کے تحت انہیں بورڈ آف گورنرز کا رکن منتخب کیا جائے اور اس کے بعد وہ چیئرمین کیلئے اہل ہو جائیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بننے سے قبل معاملات کو جانچنے کیلئے میٹنگز کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور اسی اثنا میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے پی سی بی کے سی ای او سلمان نصیر کو ملاقات کیلئے بلا لیا ہے ۔
سلمان نصیر کرکٹ بورڈ اور کرکٹ سے متعلق معاملات پر نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیں گے جبکہ ذکا ء اشرف بھی محسن نقوی سے ملاقات کریں گے ۔
یاد رہے کہ ذکاء اشرف نے چند روز قبل چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کے عہدے سے اجلاس کے دوران کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کے بعد استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا ، وزیراعظم کی منظوری کے بعد چیئرمین پی سی بی کااضافی چارج چیف الیکشن کمشنر کو منتقل ہو جائے گا جس کے بعد ان پر بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے بعد الیکشن کروانے کی ذمہ داری ہو گی ۔