عام انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے سیاسی جماعتوں اور امیدواران کیلئے جاری کردہ ضابطۂ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور ہر حلقے میں مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو مکمل طور پر فعال ہیں۔
رپورٹ کے مطابق این اے 153 ملتان میں انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدوار حامد علی بھٹی کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ملتان کی طرف سے نوٹس جاری کیا گیا، پی پی 133 ننکانہ صاحب میں انتخابی امیدوار نوشیر مان کو انتخابی مہم کے دوران وال چاکنگ کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا جبکہ این اے 75 نارووال سے امیدوار دانیال عزیز کو بھی دیواروں پر پوسٹر آویزاں کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کی جانب سے ننکانہ صاحب میں انتخابی امیدواران کو تشہیری مہم کے دوران پینا فلیکس اور بل بورڈز آویزاں کرنے پر وارننگ جاری کی گئیں، مزید برآں جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، بھکر، چینوٹ، فیصل آباد، ننکانہ، قصور، لاہور اور ملتان سے پینا فلیکس اور دیگر تشہیری مواد ہٹا دیا گیا۔
صوبہ پنجاب میں اب تک ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی 400 شکایات فوری کارروائی کرکے قانون کے مطابق حل کی گئیں، اِس سلسلے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنیوالے افراد کو وارننگز اور نوٹسز جاری کئے گئے۔
انتخابی مہم کے دوران اوور سائز تشہیری مواد کو فوری طور پر ہٹایا جارہا ہے اور ضروری کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، اس مقصد کیلئے تمام انتخابی حلقوں کی مانیٹرنگ ٹیمیں فعال ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھیجی جارہی ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے تمام ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق غیر جانبدارانہ کارروائی فوری عمل میں لائیں۔
دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں شکایات درج کروانے کیلئے صوبائی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو انتخابی شکایات کے ازالے کیلئے 24 گھنٹے فعال ہے۔ لہٰذا صوبہ پنجاب کے عوام الناس کسی بھی قسم کی انتخابی شکایات کو درج ذیل نمبرز”042-99212620 | 042-99212209“، فیکس نمبر ”042-99211021“اور ای میل ایڈریس ”controlroomge2024@gmail.com“ پر رجسٹر کروا سکتے ہیں۔