اسرائیلی طیاروں کی غزہ، خان یونس اور رفح پر تازہ بمباری کے نتیجے میں مزید 18 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہادتوں کی تعداد 150 جبکہ مجموعی تعداد 24 ہزار 100 سے تجاوز کرگئی۔ چین نے غزہ پر عالمی امن کانفرنس طلب کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اسرائیل کی غزہ سمیت فلسطینی علاقوں میں ظالمانہ اور وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، غزہ اور خان یونس پر صہیونی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں مزید 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق شمالی رفح پر اسرائیلی طیاروں نے تازہ بمباری میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جہاں 11 فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل نے 24 گھنٹوں میں مزید 150 فلسطینیوں کو شہید کردیا، غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار 100 تک پہنچ گئی، سات اکتوبر سے اب تک تقریباً 61 ہزار فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق تازہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی مغربی کنارے میں فائرنگ سے مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے، 2 فلسطینیوں کو ہیبرون اور ایک کو طولکرم میں شہید کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں 24 گھنٹوں کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہوگئی۔
اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے 15 روز کے دوران مغربی کنارے میں 30 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا، شہداء میں 7 بچے بھی شامل ہیں، گزشتہ سال اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں 507 فلسطینیوں کو شہید کیا تھا۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی سے خطے میں کشیدگی کو بڑھنے سے روکا جاسکتا ہے، غزہ میں شہریوں کو خوراک کی اشد ضرورت ہے۔
چین کا عالمی امن کانفرنس بلانے کا مطالبہ
چین نے عالمی برادری سے اعلیٰ سطح کی غزہ امن کانفرنس طلب کرنے کا مطالبہ کردیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے مصر کے شہر قاہرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے 2 ریاستی حل کیلئے کام کرنے پر زور دیا۔
چینی وزیر خارجہ نے اسرائیل فلسطین امن مذاکرات پر بھی بات چیت کی اور بحیرہ احمر میں بڑھتے ہوئے تنازع پر تشویش کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیر خاجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ غزہ کے تنازع کا حل فوجی طاقت سے نہیں نکلے گا، امریکا اور مغرب کو اپنے مفادات صہیونی حکومت سے وابستہ نہیں کرنے چاہئیں، اسرائیل تیزی سے ختم ہورہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور برطانیہ کو یمن کیخلاف جنگ روکنی چاہئے، حوثی غزہ میں نسل کشی رکنے تک اسرائیلی جہازوں پر حملے نہیں روکیں گے۔
حوثیوں کے حملے
حوثی حکام کا دعویٰ ہے کہ یمن کے ساحل پر امریکی بحری جہاز کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا، انصار اللہ کی جانب سے داغا گیا بیلسٹک میزائل امریکی بحری جہاز کو لگا، حملے کے نتیجے میں امریکی بحری جہاز میں آگ لگ گئی۔
برطانوی وزیراعظم
برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر میں حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، حوثیوں کے حملے یمن میں صورتحال مزید خراب کرسکتے ہیں، حوثیوں کے حملوں سے عالمی سلامتی داؤ پر لگ سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی بحری فورسز نے حوثیوں کے 13 اہداف کو نشانہ بنایا، حوثیوں پر حملے محدود پیمانے پر کئے جارہے ہیں۔