کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کم لاگت ہاوسنگ اسکیم میرا گھر میرا آشیانہ میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دیدی۔ ہاوسنگ کیلئے قرض کی حد ایک کروڑ تک بڑھا دی گئی۔ گھر خریدنے والوں کیلئے سود کی شرح 8 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد یکساں مقرر کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔
وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت ہاوسنگ نے کم لاگت ہاوسنگ اسکیم میرا گھر میرا آشیانہ اسکیم میں اہم تبدیلیوں سے متعلق سمری پیش کی جس کی منظوری دے دی گئی۔
اسکیم کے تحت ہاؤسنگ قرض کی حد بڑھا کر ایک کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ گھر خریدنے والوں کیلئے 5 فیصد یکساں شرح سود مقرر کر دیا گیا۔ پہلے سے لیے گئے قرضے بھی نئی پانچ فیصد شرح پر ایڈجسٹ ہوں گے۔
وزارت ہاوسنگ کے مطابق اسکیم کے تحت اب تک 10 ہزار 594 افراد درخواستیں دے چکے ہیں۔ ان درخواستوں پر قرض کی مالیت 32 ارب 28 کروڑ روپے ہے۔ اب تک قرض کی 344 درخواستیں منظور کرکے 81 کروڑ روپے جاری کیئے جا چکے ہیں۔ مزید قرضوں کے اجراء کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 4 سال میں 5 لاکھ ہاوسنگ یونٹس کیلئے ایک کروڑ روپے فی کس تک قرض دیا جائے گا ان قرضوں پر مارک اپ کی شرح یکساں 5 فیصد ہوگی۔ ای سی سی نے تھر کول ریلوے کنیکٹیویٹی منصوبے کیلئے 6 ارب 61 کروڑ روپے کی منظوری بھی دیدی۔ منصوبہ مقامی کوئلہ پاور پلانٹس تک پہنچانے اور توانائی میں خود کفالت کیلئے اہم قراردیا گیا ہے۔





















