پیپلزپارٹی نے ن لیگ سمیت پنجاب کی کئی جماعتوں کو دھچکا پہنچادیا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد ن لیگ اور دیگر جماعتوں کے کئی رہنماء پی پی پی میں شامل ہوگئے۔
صدر پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ن لیگ کے رہنماء مہر محمد یار خان لک نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔
پیپلزپارٹی نے ن لیگ کو پنجاب سے بڑا جھٹکا دیدیا، سرگودھا سے اہم وکٹ گرادی۔ پی پی 76 سے مسلم لیگ ن کے رہنماء یار محمد لک نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
بلاول ہاؤس لاہور میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے پی پی 76 سرگودھا کے یار محمد لک نے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
یار محمد لک کی پی پی پی میں شمولیت کے موقع پر پیپلزپارٹی کے ڈویژنل صدر تسنیم احمد قریشی، محسن ملہی، رانا قمر اقبال اور شیخ عمران افضل بھی موجود تھے۔
لاہور کے بعد ملتان سے بھی کئی رہنماء پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے، ن لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی میان اسلام اسلم نے بھی آصف زرداری سے ملاقات کے بعد پی پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔
رپورٹ کے مطابق سابق رکن پنجاب اسمبلی محمد نواز خان رند اور قمرالدین خان رند بھی جیالے بن گئے، رحیم یار خان کے سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں شہزاد انور بھی پیپلزپارٹی کا حصہ بن گئے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد علی لالیکا، راؤ نجیب الرحمان، راؤ عزیزالرحمان اور چوہدری افتخار احمد نے تحریک لبیک کو چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
وہاڑی سے تعلق رکھنے والے محمد ایوب سندیلا اور عمران سندیلا مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب میں بڑے پیمانے پر انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر رکھا ہے، سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی لاہور میں موجود ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے رائے ونڈ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ اور پی ٹی آئی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو بڑے ریلیف دینے کا وعدہ بھی کیا۔